آپ کی چھُٹّیوں میں’ایڈوینچر‘ کا رنگ بھرنے آ گیا ہے 'Adventures365.in'
’ایڈوینچرز365ڈاٹ اِن ‘ لوگوں کو اُن کے پسندیدہ ایڈوینچراسپورٹس سے لطف اندوز ہونے کا موقع دے رہا ہے ...
25 دسمبر 2014 کو ہوا ’ایڈوینچرز365ڈاٹ اِن‘ کا آغاز ...
’ایڈوینچرز365ڈاٹ اِن ‘نے اپنی ویب سائٹ میں تقریبا 25 طرح کے ایڈوینچر اسپورٹس کو شامل کیا ہے ....
ہر ماہ کمپنی کو ملتی ہیں اوسطاً چالیس سے پچاس بکنگ ...
’ایڈوینچرز365ڈاٹ اِن‘ اِس منتشر اور غیر منظم شعبے کو ایک پلیٹ فارم دینے کی کوشش کر رہا ہے ...
یوں تو انسان کی زندگی بھی کسی ایڈوینچر سے کم نہیں ۔ سُکھ اور دُکھ کے لمحات تو دھوپ چھاؤں کی طرح زندگی میں چلتے رہتے ہیں جنہیں انسان چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے اپنی زندگی گزارتاہے ۔ مگرجیسے ہی فرصت کے چند لمحات میسّر آتے ہیں، انسان روزانہ کی بھاگتی دوڑتی زندگی سے دُور کچھ وقت پُر سکُون ماحول میں گزارنے کے لئے گھر سے نکل پڑتا ہے ۔ کسی ہِل اسٹیشن، کسی ریزارٹ پر یا پھر سمندر کے کنارے ۔ لیکن آپ دیکھیں گے کہ آج کل آپ پُر فضا پہاڑی مقامات پر جائیں یا پھر وسیع و عریض میدانی علاقوں میں بنائے گئے ہوٹلوں اور ریزارٹ پر، زیادہ تر جگہوں پر دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ ’ایڈوینچر اسپورٹس‘ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس کی وجہ ’ایڈوینچر اسپورٹس‘ میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ہے ۔ ایسے میں Adventures365.in لوگوں کو ان کے من پسند ’ایڈوینچر اسپورٹس‘ سے لطف اندوز ہونے کا موقع دے رہا ہے ۔
ایڈوینچر 365 کی بنیاد
یہ ہندوستان کی سب سے بڑی آن لائن مارکیٹ ہے جو ’ایڈوینچر اسپورٹس‘ جیسی سرگرمیوں میں لوگوں کو براہ راست طور پر شامل کر رہی ہے ۔ روہن كھیڈكر اور اومكار ماتھاواڈے نے ایڈوینچر 365 کی بنیاد رکھی ۔ اِن دونوں ہی حضرات کا تعلق انجینئرنگ سے ہے ، لیکن دونوں ہی کچھ مختلف کرنا چاہتے تھے ۔ وہ کچھ ایسا کام کرنا چاہتے تھے جس سے وہ براہِ راست طور پر لوگوں سے منسلک ہوں ۔ جون 2014 میں روہن اور اومکار، دونوں نے اس موضوع پر سوچنا شروع کیا اور بہت جلد ہی وہ دونوں اِس نتیجے پر پہنچ گئے کہ انہیں کیا کرنا ہے ۔ پھر انہوں نے اِس شعبے میں گہرائی سےتحقیق شروع کر دی۔ ساتھ ہی یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ کس طرح ٹیکنالوجی کے ذریعے ایڈوینچر کے میدان میں درپیش مسائل کو حل کر سکتے ہیں ۔ پھر 25 دسمبر 2014 کو انہوں نے ’ایڈوینچر '365 کی شروعات کردی ۔ آج اُن کے پاس آٹھ لوگوں کی ایک مضبوط ٹیم ہے جو مختلف ’ایڈوینچر اسپورٹس‘ اداروں سے رابطہ رکھتی ہے ۔ یہ لوگ مختلف ایڈوینچر ٹورس کا اہتمام کرانے والوں کو اپنے ساتھ شامل کرلیتے ہیں اور اپنے توسط سے اُن سبھی کو ایک پلیٹ فارم دیتے ہیں، جہاں وہ اپنی سرگرمیوں کے تعلق سے لوگوں کوضروری معلومات دیتے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف ایڈوینچر اسپورٹس کے شائقین بھی ایک پلیٹ فارم پر آکر، ایک ساتھ، ایڈوینچر اسپورٹس کی تمام سرگرمیوں کے بارے میں واقفیت حاصل کر سکتے ہیں ۔
ایڈوینچر ٹورس ہندوستان کے مختلف علاقوں میں منعقد کئے جاتے ہیں ۔ لیکن اِن کھیلوں کے ساتھ سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ یہ شعبہ منظم نہیں ہے ، جس کی وجہ سے لوگوں کو اِن گیمز کے تعلق سے نہ تو کہیں سے پختہ معلومات مل پاتی ہے اور نہ ہی اِس سیکٹر کےلوگ عام لوگوں سے براہِ راست یا پھر آن لائن رابطہ قائم کر پاتے ہیں ۔ ایسے میں ’ایڈوینچرز365 ڈاٹ اِن ‘ کمپنی اس منتشراور غیر منظم شعبے کو ایک آن لائن پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے ، تاکہ لوگوں کو آسانی سے ایڈوینچر اسپورٹس ، اور انہیں منعقد کرنے والے اداروں کے بارے میں معلومات مل سکے اور اِن اداروں کو مطلوبہ گاہک ۔
چونکہ ایڈوینچر اسپورٹس بہت پُر خطر، جرأت اور جانبازی کا کھیل ہے، اس لئے ایڈوینچر 365 کے لئے یہ بہت مشکل کام رہا کہ وہ ایسے اداروں کا انتخاب کریں جو قابل اعتماد ہوں اور وہ اپنے گاہکوں کو اُن کے پاس بغیر کسی ہچکچاہٹ اور خوف کے بھیج سکیں ۔ اِس کے لئے کمپنی نے باقاعدہ اُن اداروں کو جانچا پرکھا جو یہ کھیل منعقد کراتے ہیں ۔ ساتھ ہی اُن کے پاس ایڈوینچر اسپورٹس منعقد کرنے کا لائسنس ہے یا نہیں ، اور وہ مختلف حفاظتی اقدامات و انتظامات کو ذہن میں رکھ کر اِن کھیلوں کو منعقد کراتے ہیں یا نہیں؟
ایڈوینچر 365 صرف ایک ذریعہ ہے جس کی بدولت لوگ ایڈوینچر اسپورٹس منعقد کرنے والے اداروں سے متعارف ہو تے ہیں ۔’ایڈوینچرز365ڈاٹ اِن ‘ نے اپنی ویب سائٹ میں تقریباً 25 طرح کے کھیلوں کو شامل کیا ہے ، جس میں بائیک رائیڈنگ، پیراگلائیڈنگ ،ٹریکنگ، رافٹنگ اور کیمپ لگانا وغیرہ شامل ہیں۔
محض دس ماہ میں مِلی کامیابی
ابتدائی دس ماہ میں ہی ایڈوینچر 365 نے ایک ہزار سے زیادہ گاہکوں کو اپنی خدمات پیش کی ہیں ۔ ان کے پاس مذکورہ مہماتی کھیلوں کے لئے ڈیڑھ سو سے زیادہ مقامات ہیں اور تیس سے زیادہ آرگنائزر ان سے منسلک ہیں۔
کمپنی اپنی ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ اب موبائل ’ایپ ‘سے بھی لوگوں تک پہنچنا چاہتی ہے جس کے لئے وہ کوشش کر رہے ہیں ۔ یہ لوگ جلد ہی اپنا’ ایپ‘ لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ ہر ماہ انہیں اوسطاً چالیس سے پچاس بکنگ مل رہی ہیں اور ہر بکنگ میں تقریبا 6 لوگ ہیں ۔ مستقبل میں کمپنی تجارتی اعتبار سے مزید توسیع کرنا چاہتی ہے ۔ اس کے لئے وہ کسی اچھے سرمایہ کار کی تلاش کر رہے ہیں ۔ کمپنی تسلیم کرتی ہے کہ کھیلوں کے اِس قطعی مختلف شعبےمیں کام کرنے کےبہت امکانات ہیں ، لہٰذا اِس شعبے میں پھیلے انتشار پر قابو پانے سےبہترین نتائج حاصل ہوں گے ۔