پرانے سامان کی گھر بیٹھے مرمت کے لئے 'SEVA'

 پرانے سامان کی گھر بیٹھے مرمت کے لئے 'SEVA'

Friday November 13, 2015,

6 min Read


آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ روی رائے زادہ کو بالکل نیا اور منفرد کاروبار شروع کرنے کا شوق اسی وقت ہوگیا تھا جب وہ سن شعور کو پہنچ گئے ۔ انہوں نے 14 طلباء کو پڑھانے کے لئے کوچنگ کلاسس کا اہتمام شروع کر دیا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ روی کے اندر ایک ایسا کاروبار شروع کرنے کی خواہش نے جنم لیا جسے وہ آگے جاکر اپنا کارنامہ کہہ سکیں ۔ کچھ وقت کے بعد سال 2010 میں انہوں نے دیکھا کہ ہوم سروس نہ تو دستیاب ہے اور نہ ہی لوگوں تک اس کی رسائی ہے ۔ اس کے علاوہ کچھ چنندہ خدمات دستیاب بھی تھیں تووہ بھی معیاری اور منظم نہیں تھیں ۔ اس پریشانی کا احساس انہیں سب سے پہلے اپنے گھر میں اس وقت ہوا جب ان کی ماں کو گھریلو سامان اور آلات کے خراب ہو جانے پر انہیں درست کروانے کے لئے اور مختلف گھریلو سامان کی بحالی کے کام کے لئے کسی کو بلانے میں اکثر و بیشتر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ ایسے میں انہوں نے اس مصیبت کا باقاعدہ طور پر ایک مثبت حل تلاش کرنے کا عزم مصمم کرلیا ۔

image


'سیوا' کے طور پر 'خدمت'

'سیوا' ایک آن ۔ ڈیمانڈ خدمات فراہم کنندہ ہے جو گھریلو سامان اور مشینوں کی مرمت گھر پر ہی کروانے کے لئے تکنیشین دستیاب کرواتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اپنے صارفین کو ان کے استعمال کئے ہوئے آلات کے لئے اچھے خریدار دلوانے میں بھی مدد کرتے ہیں اور اس طرح یہ ای فضلہ کو کم کرنے کی سمت میں بھی ایک فعال حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

روی رائے زادہ کے لئے 'سیوا' ان کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے سے کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ وہ اسے ایک ملک گیر سروس برانڈ کے طور پر مقبول ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں ۔ روی کہتے ہیں : '' میری فطرت کچھ ایسی ہے کہ میں دوسروں کی مدد کرنا پسند کرتا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ میں نے اس کا نام ' سروس' رکھاہے ۔ ہم نے درخت کے پتّے کو اپنی کمپنی کا لوگوبنا دیا ۔ کیونکہ درخت اور فطرت ایسی علامتیں ہیں جو اپنا سب کچھ قربان کرکے ہمیشہ خدمت میں ہی رہتے ہیں ''-

اپنے حریف کے برعکس یہ پلیٹ فارم ایک آن لائن مارکیٹ نہیں ہے' بلکہ اس اسٹارٹپ کی جے پور' جودھپور' ادے پور' دہلی' گڑگاؤں' نوئیڈا اور پونے' ان سات مقامات پر 47 ارکان کی ایک فعال تکنیکی ٹیم سرگرم ہے ۔

image


روی بتاتے ہیں : '' ہم اپنے مد مقابل حریفوں کے برعکس اپنے کام کی گہرائی میں جانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ وہ صرف آن لائن مارکیٹ بن کر رہ جاتے ہیں ۔ ہمارے دوسرے مسابقتی حریف مقامی سروس فراہم کرنے والے ہیں جو محدود وسائل اور تفصیل کے ساتھ کام کرتے ہیں ۔ ان میں سے زیادہ تر خودروزگار میں مصروف نوجوان ہیں جن کی ٹیم کچھ منتخب علاقوں میں ہی کام کرتی ہے'' ۔

لاگت

ان کی سروس کی فیس گھریلو آلات کی قیمت کی بنیاد پر طئے کی جاتی ہے ۔ عام طور پر یہ 300 روپے سے شروع ہوتی ہے اور مرمت کے دوران بدلے گئے پرزے کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ کمپنی وارنٹی سروس بھی فراہم کرتی ہے جس کے نتیجے میں یہ صارفین کی طرف سے ہر سال 2999 سے 7999 روپے لیتے ہیں ۔ ایک طرف 2999 روپے میں 60 ہزار روپے کی قیمت کے تمام سامان شامل ہیں ' وہیں دوسری طرف 7999 میں دو لاکھ روپے تک کے سامان کی سروسنگ بھی شامل ہے ۔ وارنٹی کے لئے سامان میں کسی بھی قسم کی پریشانی آنے پر مرمت کی ذمہ داری کمپنی کی ہوتی ہے ۔

کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ گزشتہ 4 سال میں 500 فیصد کی شرح رفتارسے ترقی کرنے میں کامیاب رہی ہے اور اس نے سال 2011-12 میں14 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کر چکی ہے ۔ مالی سال 2014-15 میں 70 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی ۔ فی الحال یہ کمپنی 1300 سے بھی زیادہ صارفین کو خدمات فراہم کروا رہی ہے جن میں سے زیادہ تر گھریلو ہیں لیکن اب یہ ووڈافون' انفوسس اور ایس بی آئی جیسے بڑے کارپوریٹس پر بھی اپنی نظریں جمائے ہوئے ہے ۔ روی کہ مطابق انہیں حاصل ہونے والے 40 فیصد درخواست ان صارفین کے ہیں جو سابق میں ان کی خدمات کا فائدہ اٹھا چکے ہیں اور دوبارہ ان کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں ۔ ان صارفین کی تعداد میں 30 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہورہا ہے اور کمپنی کو اندازہ ہے کہ آنے والے وقت میں یہ شرح 60 فیصد تک بڑھ جائے گی ۔

مستقبل کے منصوبے

صارفین کو پرانے سامان اور مشینوں کی خرید و فروخت کے لئے 'خدمت' وارنٹی دینے کی تجویز ان کے منصوبہ میں شامل ہے ۔ یہ سروس جلد ہی دستیاب ہونے والی ان کی موبائل ایپلی کیشنز پر دستیاب ہوگی ۔ اگلے سہ ماہی پروگرام میں گجرات میں اپنے قدم جمانا کمپنی کا ارادہ ہے اور یہ احمد آباد' راجکوٹ' سورت اور بڑودرا شہراس کے لئے منتخب کرلئے گئے ہیں ۔

image


طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت ای فضلہ کی نکاسی کے مسئلہ کا حل پیش کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ ’سرویس ' کے بانی کہتے ہیں:'' چونکہ ہم مشینوں کی مرمت کرنے کے علاوہ ان کی دیکھ بھال کا کام بھی کرتے ہیں اس لئے ہمیں ہی یہ سب سے پہلے پتہ ہوتا ہے کہ مشین اب استعمال کے قابل ہے یا بالکل بیکار ہو گئی ہے ۔ اس کے علاوہ اس بات کا بھی مکمل امکان ہوتاہے کہ صارفین اپنے پاس موجود ایسے فاصل مشینوں اور دیگر پرانے ساما ن کو نمٹانے کے لیے ہم ہی سے رابطہ کریں گے ۔ یہ مارکیٹ اور لاجسٹکس ایک جیسا ہی ہے اس لئے ہمارے لئے ایسا کرنا بہت آسانی سے ممکن ہو جائے گا''۔

یوراسٹوری کا نتیجہ

چونکہ یہ شعبہ پیچیدگیوں اور رکاوٹوں سے بھرا ہوا ایک بالکل ہی انوکھے نوعیت کا ہے پھر بھی یہ اسٹارٹپ خرید و فروخت کے علاوہ ای فضلے کی نکاسی جیسے نئے شعبہ میں بہت اچھی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مرمت کرنے والے کاریگروں کو اپنے ساتھ شامل کرنا کافی مشکل کام ہے لیکن یہی اس اسٹارٹپ کو اوروں سے مختلف بناتے ہوئے کافی آگے کھڑا بھی کردیتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کمپنی اس شعبہ میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی کارپوریٹ کمپنی'ہنڈی ہوم' کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر آگے بڑھ رہی ہے ۔ گزشتہ دنوں کافی اچھا کاروبار کرنے کے بعد یہ دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا کہ یہ پلیٹ فارم کمپنی کے منافع میں کتنا شراکت دینے میں کامیاب رہتا ہے ۔